سپورٹس بورڈ پنجاب کا صوبہ میں سپورٹس کی دستیاب سہولتوں کی موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی زیرصدارت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منگل کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ میں سپورٹس کی دستیاب سہولتوں سے متعلق موبائل ایپ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں اور شہریوں کی سہولت کے لئے پنجاب میں 315 سپورٹس مقامات میں دستیاب سپورٹس کی سہولتوں کو جیو ٹیگنگ کے ذریعے آئی ٹی سے منسلک کرے گا،اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ ،ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس شاہد نظامی،آئی ٹی انچارج جواد اللہ سمیت 36 اضلاع کے ضلعی سپورٹس افسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ یہ آئی ٹی کا دور ہے اس لئے ہم سپورٹس کا انفراسٹرکچر جدید خطوط کے مطابق بنا رہے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب موبائل ایپ جلد تیار کرلی جائے گی، موبائل ایپ میں تمام سہولتوں سے متعلق مکمل تفصیلات موجود ہوں گی جس کے ذریعے گھر بیٹھے ہر سہولت کا جائزہ لیکر اس کی بکنگ کرائی جاسکے گی

ہر شہری اور ہر کھلاڑی کو موبائل ایپ تک رسائی ہوگی جس سے وقت کی بچت بھی ہوگی، موبائل ایپ میں ان سہولتوں کی تمام تصاویر بھی دستیاب ہوں گی، سپورٹس بورڈ پنجاب موبائل ایپ سے کھلاڑی سپورٹس کی سہولتوں سے متعلق آگاہ رہیں گے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ یہ سپورٹس بورڈ پنجاب کا انقلابی اقدام ہے جس سے کھلاڑی استفادہ کرکے اپنے کھیل کو بہتر بنانے سکیں گے، موبائل ایپ سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور صوبہ میں سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان سہولتوں کو ہرسال اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ نوجوان نئی سہولتوں سے متعلق آگاہ رہیں۔ اجلاس کے بعد پنجاب کے تمام ضلعی سپورٹس افسران کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے آئی ٹی انچارج جواد اللہ نے موبائل ایپ کے استعمال کے بارے میں تربیت دی۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے صوبہ میں جاری 204ترقیاتی سکیموں کا بھی جائزہ لیا،متعلقہ افسران نے منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے افسران سے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سپورٹس کے فروغ اور ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، تحصیل سطح پر سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے کھلاڑیوں کو مزید سہولتیں میسرآئیں گی، انہوں نے افسران کو ہدایت کی جاری ترقیاتی سکیوں کو مقررہ مدت میں ہی مکمل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

error: Content is protected !!