عالمی کپ کرکٹ،آسڑیلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 308رنز کا ہدف،عامر کی 5وکٹیں

ٹونٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈکپ 2019 میں آسٹریلیا کے اوپنرز نے پاکستان کے خلاف پُر اعتماد آغاز کیا تاہم محمد عامر کی شان دار باؤلنگ کی بدولت آسٹریلیا کی پوری ٹیم 307 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ٹونٹن کے مقام پر کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم کے کپتان کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوسکتا اور پاکستانی باؤلرز آسٹریلین بلے باز کو دباؤ میں ڈالنے میں ناکام رہے۔پاکستان کے خلاف کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے بھارت کے خلاف ہونے والے میچ کی غلطی نہ دہراتے ہوئے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو 146 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔محمد عامر نے اپنا دوسرا اسپیل شروع کرتے ہوئے آسٹریلین کپتان کو آؤٹ کردیا جبکہ 189 کے اسکور پر محمد حفیظ نے اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کردیا۔شاہین آفریدی نے اپنے دوسرے اسپیل میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارح مزاج گلین میکس ویل کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ڈیوڈ وارنر نے شان دار سنچری مکمل کی اور انہیں شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کر لیا جس کے بعد عثمان خواجہ 18 رنز بنا کر محمد عامر کو وکٹ دے بیٹھے اس وقت آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں پر 277 رنز تھا۔پاکستانی باؤلرز نے آخری اوورز میں بہترین باؤلنگ کی اور آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کی اجازت نہیں دیا تاہم آسٹریلیا کی ٹیم نے بہترین آغاز کے باعث 300 رنز مکمل کرلیے جبکہ شان مارش 23 اور کولٹر نائل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 307 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

محمد عامر نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کرلی اور یوں رواں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر بھی بن گئے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وکٹ پر تھوڑی بہت گھاس دکھائی دے رہی ہے اور پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے اس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ میچ نہیں کھیل سکے تھے جو بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا۔پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شاداب خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں مارکس اسٹوئنس کی جگہ شان مارش جبکہ ایڈم زامپا کی جگہ کین رچرڈسن کو شامل کیا گیا ہے۔عالمی کپ کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا 9 مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آئے ہیں جہاں کینگروز 5 جبکہ شاہین 4 مرتبہ کامیاب ہوئے تھے۔پاکستان کی ٹیم کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخرزمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، آصف علی، وہاب ریاض، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عامر پر مشتمل ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرون فنچ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیو اسمتھ، شان مارش، گلین میکس ویل، الیکر کیری، نیتھن کوٹر نائیل، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن شامل ہیں۔عالمی کپ میں اب تک کی پاکستان کی مہم معمول کے مطابق رہی ہے جہاں پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد اگلے میچ میں قومی ٹیم نے شاندار انداز میں ایونٹ میں واپسی کرتے ہوئے فیورٹ اور میزبان انگلینڈ کو شکست دے دی البتہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوگیا۔

دوسری جانب آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے ابتدائی دونوں میچوں افغانستان اور ویسٹ انڈیز کو مات دی لیکن بھارت کے خلاف اسے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا لہٰذا دونوں ہی ٹیموں کے لیے ٹونٹن میں کھیلا جانے والا میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ورلڈکپ میں اپنے اب تک کے مقابلوں کے بعد پاکستان کے 3 جبکہ آسٹریلیا کے 4 پوائنٹس ہیں۔پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز یں مدمقابل آئی تھیں جہاں سرفراز احمد سمیت 6 صف اول کے کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 0-5 کی کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم قومی ٹیم کے کپتان کا ماننا ہے کہ اس سیریز کا نتیجہ اس مقابلے پر اثر انداز نہیں ہوگا۔

0Shares

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*

error: Content is protected !!