پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کا سرگودھین اسپرٹ ٹرسٹ پبلک سکول راشدآباد کا دورہ

راشد آباد (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے اپنے دورہ سندھ کے دوران سرگودھین سپرٹ ٹرسٹ پبلک سکول راشد آبا دکا دورہ کیا۔ اس موقع پر فیڈریشن کے لیگل ایڈوائزر فخر امیر کاظمی اور حیدرآباد بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر پرویزاحمد شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ فخر شاہ نے اپنے دورہ کے دوران سکول میں کھیلوں کے حوالے سے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ سید فخر علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکول میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں دستیاب ہیں۔ نیشنل لیول پر بیس بال کے کسی بھی ایونٹ کا انعقاد اس سکول میں کیا جاسکتا ہے۔ کھلاڑیوں کے لئے بہترین پرآسائش ہاسٹل موجود ہے۔ بلائنڈ اور ڈیف بچوں کے لئے علیحدہ سے سیکشن موجود ہے جہاں انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ بیس بال اور دیگر کھیلوں کی تربیت بھی دی جاتی ہے۔

ملک بھر سے طالب علموں کی کثیر تعداد یہاں تعلیم حاصل کرنے کے لئے آتی ہے جس سے نہ صرف سندھ بلکہ ملک کو مستقبل کے لئے کھلاڑی میسر آتے ہیں۔ سید فخر علی شاہ نے مزید بتا یا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال انٹر سکول بیس بال چیمپئن شپ اور نیشنل ویمن بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد سندھ میں کروانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ بیس بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد محسن خان جوکہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سینئر نائب صدر بھی ہیں ان کے ساتھ میٹنگ کے بعد ان ایونٹس کی تاریخوں اور وینیو کا اعلان کیا جائے گا۔ سکول کے پرنسپل ائیر کموڈور (ر) نیر قیوم خواجہ (ستارہ امتیا ز ملٹری) نے سید فخر شاہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اگر مستقبل میں انہیں کوئی قومی سطح کا ایونٹ دیا گیا تو اس کا انعقاد بھرپور انداز میں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سکول کے ڈائریکٹر سپورٹس دیدار علی کھوسو اور بیس بال کوچ ظہیر الدین مگسی بھی موجود تھے۔

error: Content is protected !!