لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) محکمہ کھیل پنجاب کے زیراہتمام اور پنجاب سنوکر ایسوسی ایشن کے تعاون سے انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنزیم ہال میں شروع ہوگئی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے شاٹ کھیل کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر سابق ایشیئن سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر اور آئی بی ایس ایف انڈر 18ورلڈ سنوکر چیمپئن نسیم اختر ، پنجاب اولمپک ایسویسی ایشن کے صدر ایم بی غوری بھی موجود تھے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سنوکر نوجوانوں کا مقبول کھیل ہے، نوجوان گلی، محلوں میں سنوکر کھیلتے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے اولمپکس، ایشیئن گیمز، سیف گیمز دیگر بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیتنے کے لئے منصوبہ بندی کرلی ہے، اس کے لئے پانچ گیمز کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں میڈلز جیتنے کے امکانات زیادہ ہوسکتے ہیں اس شارٹ لسٹ گیمز میں سنوکر کو بھی شامل کیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ انٹر ڈویژن اوپن سنوکر چیمئپن شپ میں پنجاب کی 9 ڈویژن کی ٹیمیں اور 27کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں ، میں تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو خوش آمدید کہتا ہوں، چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے تمام کھلاڑیوں کو قیام وطعام کی بہترین سہولت فراہم کی گئی ہے، اُمید ہے چیمپئن شپ میں اچھے مقابلے ہوں گے اور نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کا ڈیٹا تیار کیا جائے گا اور ان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کیا جائے گا اور ان کی تربیت کے لئے غیر ملکی کوچز بھی بلوائیں گے جو کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے اور ان کے کھیل کو مزیدبہتر بنائیں گے تاکہ ہمارے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب گرمی کے باوجود اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے، ہفتہ کے روز گجرات میں آل پنجاب ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ منعقد کرائی ہے، اس سے ایک ہفتہ قبل گوجرانوالہ میں کبڈی کے مقابلے بھی ہوئے ہیں اور27جون کو مری میں دو روزہ تیراندازی چیمپئن شپ بھی منعقد کرارہے ہیں اس کے علاوہ بیڈمنٹن چیمپئن شپ بھی کرانے کے لئے انتظامات کررہے ہیں، نوجوان کو آگے بڑھنے بھرپور مواقع فراہم کررہے ہیں۔نوجوان آئیں اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ایشئن سنوکر چیمپئن حمزہ اکبر نے کہا ہے کہ انٹرڈویژن اوپن سنوکر چیمپئن شپ کا انعقاد بہت اچھا اقدام ہے جس پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کے ممنون ہیں، چیمئن شپ کے انعقاد سے سنوکر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے، انہوں نے مزید کہا ہے کہ سنوکر کے کھیل میں پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ سنوکر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، میں جب ایشیئن چیمپئن بنا تھا تو سپورٹس بورڈ پنجاب نے مجھے 5لاکھ روپے انعام دیا تھا۔
جمنزیم ہال آمد پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا پرتپاک استقبال کیا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی ، چیف کنسلٹنٹ سپورٹس بورڈ پنجاب شاہد فقیر ورک، اسسٹنٹ ڈائریکٹررئیس الرحمٰن اور ایڈمنسٹریٹر جمنیزیم ہال مصطفٰی شاہ بھی ان کے ساتھ تھے، کھلاڑیوں نے تالیاں بجاکر ان کو خوش آمدید کہا، تمام کھلاڑیوں کا ان سے تعارف کرایا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے شاٹ کھیل کر چیمپئن شپ کا افتتاح کیا اور سنوکر کے مقابلے بھی دیکھے۔