لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھرورلڈ چیمپئن انگلینڈ کی کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔برطانوی اخبار کے مطابق مکی آرتھرسے انگلش بورڈ کا رابطہ ہواہے
اورانہوں نے کوچنگ میں دلچسپی ظاہرکی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، ویسٹ انڈیز کے اوٹس گبسن اورجنوبی افریقا کے گیری کرسٹین انگلش ٹیم کے نئے کوچ کےلیے امیدوارہیں۔انگلینڈ کے کوچ ٹریور بیلس کا معاہدہ ایشز سیریز کے بعد ختم ہو رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی سے مکی آرتھر کا معاہدہ 15 اگست کو ختم ہورہا ہے جبکہ مکی آرتھر پی سی بی کی جانب سے بھی معاہدے میں توسیع کے لیے پرامید ہیں۔واضح رہے
کہ ویسٹ انڈیز کے گبسن دو مرتبہ انگلینڈ کے بولنگ کوچ رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2017ء کے آخر میں جنوبی افریقا کے لئے چارج سنبھالا تھاجو ختم ہونے والا ہے۔گبسن انگلینڈ ہی میں رہتے ہیں ، مئی میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’وہ کسی بھی قسم کی جاب سے منسلک ہونے پر خوشی محسوس کریں گے‘‘۔
جنوبی افریقا کے سابق اوپنر گیری کرسٹین جو 2011ء میں ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے ساتھ منسلک تھے، اور اس وقت آئی پی ایل کی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے انچارچ ہیں۔