کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ): چوبیسویں یو ایم اے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2019 کی تقسیمِ انعامات اور اختتامی تقریب آج کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔چار روزہ چیمپئن شپ 29 اگست سے یکم ستمبر 2019 تک کراچی گالف کلب میں جاری رہی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کا آغاز1995 میں ہوا جس کے بعد سے یہ چیمپئن شپ پاکستان میں ایک اہم گالف ایونٹ بن گئی ہے۔ چیمپئن شپ کی مختلف کیٹگریز میں کراچی گالف کلب پروفیشنلز / کیڈیز، سینئر پروفیشنلز ، جونیئر پروفیشنلز ، سینئرز اور لیڈیز کے 36 ہولز پر مشتمل میچز ہوئے۔ جونیئرز (A & B)کیٹگری میں 18 ہولز کے میچز، ویٹرنز کے لیے 09 ہولز جبکہ امیچر اور پروفیشنلز کیٹگریز میں 72 ہولز کے میچز ہوئے۔ 8.1 ملین کی انعامی رقم کے ساتھ یہ ایونٹ ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ انعامی رقم والا گالف ایونٹ ہے۔
مزید برآں رواں برس چیمپئن شپ میں ہول ان ون کھیلنے والے کھلاڑی کو ٹویوٹا فارچونر اور مختلف کیٹگریز میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو دیگر کئی قیمتی انعامات بھی دیے گئے۔ چیمپئن شپ کی ہر کیٹگری میں گالف کے مایہ ناز کھلاڑیوں سمیت ملک بھر سے600 گالفرز نے حصّہ لیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر پاک بحریہ، کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ مہمانِ خصوصی نے اپنے معیاری کھیل سے شائقین گالف کو انٹر ٹینمنٹ فراہم کرنے پر کھلاڑیوں کو سراہا اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے ملک میں گالف کے فروغ کے لئے اسپانسرز اور میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کی۔انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ۔چوبیسویں یو ایم اے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ 2019 کے فاتح کھلاڑی نے بھی بہترین انتظامات اور معیاری کھیل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پراسپانسرز اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب میں مسلح افواج کے افسران، سول اداروں کے نمائندگان اور گالفرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی