لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاک سری لنکا کے درمیا ن کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے لاہور پولیس کی جانب سے مربوط سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے ۔ جس کے مطابق 03ایس ایس پیز ، 13ایس پیز ،42ڈی ایس پیز ، 131انسپکٹرزاور 718اپر سب آرڈینیٹس فرائض سر انجام دیں گے۔میچز کے دوران مجموعی طور پر 12ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفا ق خان نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے لئے پولیس بھی بھرپور کردار ادا کرے گی ۔میچز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کو دیئے جانے والی سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
لاہور پولیس ٹیموں اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے تیار ہے ۔سکیورٹی انتظامات کے حوالہ سے تمام متعلقہ اداروں سے بھی مکمل رابطہ میں ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ ٹیموں کی قیام گاہ اورسٹیڈیم کے گردو نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری ہیں ۔ڈولفن سکواڈ اورپولیس رسپانس یونٹس کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کو یقینی بنایا جائے گا ۔ قیام گاہ سٹیڈیم اور روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات بھی کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ٹیموں اور سٹیڈیم کے اطراف ہونے والی نقل و حرکت مانیٹر کی جائیگی۔میچز اور ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ہیلی کاپٹرز کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔میچ دیکھے کے لئے آنے والے شرکاء کو تین سطحی سکیورٹی حصار سے گزر کر ہی سٹیڈیم میں جانے کی اجازت ہو گی۔باڈی سرچ کے لئے میٹل ڈیٹکٹر اور واک تھرو گیٹس کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
میچ کے دوران شائقین کو سٹیڈیم میں ممنوعہ اشیاء لانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ شائقین کرکٹ کے لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہونے کے لئے پولیس سے تعاون کریں اورجاری کردہ ہدایات پر عمل کریں ۔اشفاق خان نے کہا کہ میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شہریوں کی سکیورٹی کے پیش نظر مخصوص مقامات پر پارکنگ کے انتظامات ہونگے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔اشفاق خان نے کہا کہ لاہور پولیس کو پاک آرمی اور رینجرزسمیت تمام متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت بھی حاصل ہے ۔