جامشورو/لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )چائینیز تائے پائی میں ہورہی ایشین بیس بال چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیئے پاکستان بیس بال ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ تھائی ایئرلائن تائیوان روانہ ہوگئی۔حسیب شیرازی ٹیم کے مینیجر، مصدق حنیف ہیڈ کوچ ہیں جبکہ عمیر امداد بھٹی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے ٹیم کو نیک تمنائوں کے ساتھ رخصت کیا۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید، سینیئر نائب صدر انجینیئر محمد محسن خان، سیکریٹری شیخ مظہر، میڈیا کووآرڈینیٹر پرویز احمد شیخ، فزیو/ڈاکٹر شاہین گلریز،خواتین ونگ کی صدر سادیہ علوی، لیڈی میمبر عائشہ ارم اور دیگر نے ٹیم کی کامیابی کے لیئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کی محدود وسائل کے باوجود کھلاڑیوں کو موقع اور بیس بال کی پروموشن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے یہ ٹیم بھیجی ہے اور ہم عمدہ کارکردگی کی توقع رکھتے ہیں۔پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 14 اکتوبر کو تائیوان کے تائیچونگ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں فلپائن کے خلاف کھیلے گی۔ چیمپیئن شپ کو اولمپک کولیفائنگ رائونڈ کا بھی نام دیا گیا کیونکہ اسکی ٹاپ دو ٹیمیں اولمپک کے لیئے کوالیفائی کریں گیں۔چیمپیئن شپ 20 اکتوبر تک جاری رہے گی۔