کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)محمد آصف نے محمد سجاد کو شکست دے کر کراچی میں ہونیوالی تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔ فائنل میں دونوں کیوئسٹس کی جانب سے مسنگ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی جیم خانہ میں تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل ملک کے دو تجربہ کار کیوئسٹس محمد آصف اور محمد سجاد کے درمیان کھیلا گیا۔ بیسٹ آف تھرٹین فریم کے فائنل میں محمد آصف نے ابتدائی دو فریمز جیت کر برتری حاصل کرلی، ان دونوں فریمز میں ایک موقع پر سجاد کو برتری حاصل تھی لیکن کلرز پر مسنگ کے بعد آصف نے آخری لمحات میں کلیئرنس کرتے ہوئے بازی پلٹی۔اس کے بعد سجاد نے کچھ کنٹرول رکھا، مگر پھر آصف مسنگ کرنے لگے۔ اگلے پانچ فریمز میں سجاد نے چار فریم جیت کر ساتویں فریم کے اختتام پر چار۔تین کی برتری حاصل کرلی۔
پہلے سیشن کے آخری فریم میں محمد آصف نے بہتر کیو کنٹرول کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ چار۔چار کردیا۔نویں فریم میں ایک موقع پر محمد سجاد کو 40 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن ان کی ایک مسنگ کا آصف نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور برتری اپنے نام کرلی۔ اس کے بعد آصف نے مزید دو فریمز زیادہ مزاحمت کے بغیر جیت کر سات۔چار سے فتح اپنے نام کی۔محمد آصف کی محمد سجاد کیخلاف فتح کا اسکور 61۔53، 64۔62، 36۔78، 13۔79، 83۔27، 38ا۔61، 69۔49، 69۔64، 55۔13 اور 68۔14 رہا۔جیت کے بعد جیو سے گفتگو میں محمد آصف نے کہا کہ میچ میں دونوں پلیئرز اپنا سو فیصد نہ دے سکے اور بہت مسنگ کیں، فائنل ایسا نہیں ہونا چاہئے، چیمپئن شپ جیتنے والے کیوئسٹ نے مزید کیا کہ ان کو بال فیور زیادہ ملا جسکی وجہ سے وہ سرخرو ہوئے۔دوسری جانب محمد سجاد کا کہنا تھا کہ نویں فریم میں ایک مسنگ ان کو بھاری پڑ گئی جس کے بعد انہیں میچ میں واپس آنے کا موقع نہ مل سکا۔چیمپئن شپ کے فاتح محمد آصف کو ایک لاکھ، جبکہ رنر اپ محمد سجاد کو چالیس ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔