لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)کارپوریٹ سیکٹرکی ٹیموںکے درمیان جاری پریمئر سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے رائونڈمیچز میں ڈیسکون، نیٹسول، ایبکس، یونائیٹڈ بزنس،یو سی ایس ، الائیڈ بینک اور جاز نے اپنے میچز جیت لیے،ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ، کرکٹ سینٹر گرائونڈ اور ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں چھ میچز کھیلے گئے ۔ ماڈل ٹائون گرینز کرکٹ گرائونڈ میںمیں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیٹسول نے سٹوورٹ کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ سٹوورٹ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 118 رنزبنا سکی ۔جنید جمشید نے حریف ٹیم کے 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ نیٹسول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا، خرم بلال نے 42 رنز کی اننگ کھیلی ۔ جنید جمشید کو شاندار بالنگ پر مین آف دی میچ کاایوارڈ دیا گیا
اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں الائیڈ بینک نے کنٹرولر جنرل اکائونٹس کو 38 رنز سے شکست دی۔ الائیڈ بینک نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، رضوان اسلم نے 92 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ہدف کے تعاقب میں کنٹرول جنرل اکائونٹس کی ٹیم 146 رنز پرہمت ہار گئی ۔ بہترین آل رائونڈ پرفامنس پر الائیڈ بینک کے رضوان اسلم میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کرکٹ سینٹر ماڈل ٹائون گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ایبکس نے نووا میڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی۔ ایبکس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، عمر اقبال 46 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ محمد شان نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ جواب میں نووا میڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 139 رنز بنا سکی۔ حارث صدیقی نے حریف ٹیم کے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ایبکس کے سہیل سکندر کو 38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اسی میدان میں ڈیسکون اورآئی سی آئی پاکستان کی ٹیمیں مد مقابل آئیں اور ڈیسکون نے حریف ٹیم کو7 وکٹوں سے شکست دی۔ آئی سی آئی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اننگز کی آخری گیند پر 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ وقاص میر نے نصف سنچری سکور کی جبکہ ڈیسکون کے بابر علی نے 4اور وسیم ویلیم نے 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ڈیسکون نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ رانا طاہر نے ناقابل شکست 34 رنز بنائے ۔ بابر علی کو عمدہ بالنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں یو سی ایس نے ڈیجیٹل پلاننگ کو 5 رنز سے شکست دیدی۔ یو سی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے 165 رنز بنائے۔ نیک محمد نے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ علی ارحم نے 4 اور احمد رضا نے 3کھلاڑیوں کو شکار کیا۔ جواب میں ڈیجیٹل پلاننگ کی ٹیم 7وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنا سکی ۔ فیض محمد نے 44 رنز بنائے ۔ نیک محمد کوشاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ریس کورس کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں جاز نے ایگزونوبل کو 24 رنز سے پچھاڑ دیا ۔
جاز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، اعجاز بلوچ نے 72 رنز کی اننگز کھیلی ۔ جواب میں ایگزونوبل کی ٹیم 134 رنز بناسکی۔ فاتح ٹیم کے اعجاز بلوچ کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پریمئر سپر لیگ میں مزید رائونڈ میچز اگلے ہفتے کھیلے جائیں گے۔