کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار سی سی کے زیر اہتمام جاری آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید 2میچز کے فیصلے ہوگئے۔ داؤد اسپورٹس نے ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘کو 169رنز اور ایئرپورٹ جیم خانہ پاک کریسنٹ کو 148رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرلی۔شیراز علی نے سنچری ، نوید خان ،کاشف اقبال جہانزیب سلطان اور حریرہ و احد کی کی نصف سنچریاںکارامد جبکہ صغیر عباس کی رائیگاں گئی۔
ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے پہلے میچ میں فیورٹ داؤد اسپورٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45اوورز میں 5وکٹوں پر 306رنز اسکور کئے۔ شیراز علی نے 9چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 109رنز کی باری کھیلی۔ نوید خان نے 69رنز میں 9چوکے اور کاشف اقبال کے 50رنز 5چوکوں اور 2چھکوں پر مشتمل تھے۔محمود شاہ، کاشف خان، اکبر خان اور عبدالرؤف نے ایک ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘ کی جوابی اننگز 30.4اوورز میں 137رنز پر تمام ہوگئی۔
ظفر علی نے 40رنز اور عبدالرؤف نے 24رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ جنید نعیم نے 26رنز پر 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ ناصرشاہ اور اظہر شاہ کو 2,2وکٹ ملے۔ایمپائرز عزیز الرحمن اور محمد یونس جبکہ سید مستجب عالم آفیشل اسکورر تھے۔دوسرے میچ میں ایئر پورٹ جیم خانہ نے پہلے اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 45اوورز میں 7وکٹوں پر 291رنز کا ٹوٹل حاصل کیا۔ جہانزیب سلطان نے 85رنز کی اننگز میں 9چوکے اور 3چھکے لگائے۔ حریرہ احمد نے 3چوکے لگا کر 57رنز بنائے۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین پہلی وکٹ پر 143رنز جوڑے گئے۔شہباز خان نے 62رنز پر 4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ حذیفہ منیر کو 57رنز پر 2وکٹ ملے۔ پاک کریسنٹ کی جوابی اننگز 36.3اوورز میں تمام ہوگئی جب 143رنز بنائے گئے۔ صغیر عباس نے 9باؤنڈریز لگا کر 50رنز اور حذیفہ منیر نے 19رنز بنائے۔ منصور خان نے 9رنز ،خافد النبی نے 26رنز اور عادل اعجاز نے 38رنز پر 2,2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایمپائرز عاقل عادل اور شاہد اسلم اور سید عبید احمد آفیشل اسکورر تھے۔