کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ ) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو کورونا وائرس کا خدشہ لاحق ہوگیا ہے۔ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کورونا وائرس کا خدشہ ہونے پر سندھ حکومت سے گھر میں ٹیسٹ کرانے کی اپیل کردی ہے، 74 سالہ صادق محمد کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے مسلسل کھانسی کا شکار ہوں جب کہ گلے میں سوزش بھی ہے۔ صادق محمد نے کہا کہ ضعیف العمری کی وجہ سے ہسپتال جا کر ٹیسٹ نہیں کراسکتا کیوں کہ وہاں پر کرونا کے مریضوں کی آمد کا بھی خدشہ ہوگا لہذا میری درخواست ہے کہ کورونا کا ٹیسٹ گھر میں ہی کرادیا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد کو ٹیلی فون کیا اور کہا کہ آپ ہمارا اثاثہ ہیں، آپ کا ٹیسٹ کرواتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے محمد صادق کے گھر پر ٹیم بھیج کر ان کا سیمپل لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد صادق کا رزلٹ آنے کے بعد مجھے آگاہ کیا جائے۔سینیٹر مرتضی وہاب نے بھی ڈاکٹرز صادق محمد کے گھر بھیجنے کی تصدیق کی ہے۔ یاد رہے کہ صادق محمد نے 1969ء سے 1981ء تک 41 ٹیسٹ اور 19 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی ۔