لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے جمعرات کے روز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب کے 154ملازمین کو ریگولر ہونے کے لیٹرز تقسیم کئے،ریگولر ہونیوالے ملازمین میں جونیئرسٹینو گرافر، کوچ، جونیئر کلرک،ڈرائیور، الیکٹریشن، پلمبر، نائب قاصد بیلدار، مالی، سویپر اور چوکیدار شامل ہیں،تقریب نشترپارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان،ڈویژنل سپورٹس آفیسر لاہور ندیم قیصر، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ناصر ملک،نبیل اکرم ،صدر ایپکا یونین فیاض علی ودیگر شریک تھے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمورخان بھٹی نے کہا ہے کہ ملازمین سالوں سے کنٹریکٹ پر کام کررہے تھے، آج خوشی کا دن ہے کہ ملازمین کو ان کا حق دیدیا،تحریک انصاف کی حکومت کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے
ملازمین کے حقوق کا خیال رکھا اور آئندہ بھی رکھیں گے،دوسرے مرحلے میں بقیہ ملازمین کو بھی ریگولر کریں گے،ریگولر ہونے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، ڈائریکٹرایڈمن جاوید جوہان اوردیگر افسران کو بھی مبارکبادپیش کرتا ہوں،ان کی کوششوں اور محنت سے ملازمین ریگولر ہوئے ہیں،جلد نئی بھرتیاں کریں گے،سالوں سے رکی ہوئی ترقیاں بھی دیں، ملازمین کے لئے ہائوسنگ کالونی کیلئے کام کررہے ہیں، ملازمین کی فلاح وبہبود کی اولین ترجیح ہے،ہم سب مل کر سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے کام کررہے ہیں ، تین سال میں بہت بڑی کامیابیاں حاصل کی ہے
یہ سب ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ ہمارا بجٹ دو ارب سے 6ارب ہوگیا ہے جس سے کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے کام کریں گے، سپورٹس پالیسی بھی منظور کرائی ہے، سپورٹس انفراسٹرکچر اور سپورٹس کو فروغ دیں گے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے وزیراعظم خود ایک کھلاڑی ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ سپورٹس کو ترقی ملے ، ہمارے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار عوام دوست اور عام آدمی کی فلاح کرنے والے وزیراعلی ہیں، ہم جو بھی قدم اٹھاتے ہیں وہ ہروقت ہمارا ساتھ دیتے ہیں جس سے عوامی فلاح وبہبود کے کام ہورہے ہیں۔
صوبائی وزیر کھیل وامور نوجونان رائے تیمور خان بھٹی اور وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب رائو زاہدقیوم نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پودے لگائے اور ملک کی خوشحالی وسلامتی کے لئے دعا کی گئی،پارلیمانی سیکرٹری سونیا علی شاہ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی،ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تنویر شاہ ،دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے بھی پودا لگایا،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کہا کہ پودے لگانے کا ویژن ہمارے وزیراعظم عمران خان نے اس وقت دیا تھا جب ہماری خیبر پختونخوا میں حکومت بنی تھی، آج دنیا گلوبل وارمنگ پر بات کررہی ہے، ہم سب کو پودے لگا کر اپنا حصہ ڈالنا چاہئے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اتھلیٹ ارشد ندیم سے پرامید ہیں کہ وہ ٹوکیو اولمپکس میں میڈل ضرور جیتیں گے، ارشد ندیم ہمارا فخر ہے، ارشد ندیم نے جب سیف گیمزمیں گولڈ میڈل جیتا تھا تو ہم نے اس کا استقبال کیا، ان کی فیملی سمیت وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کرائی تھی ،اولمپکس میں تیاری کے لئے بھی سہولیات بھی دیں، ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پورے پاکستان کی نظریں ارشد ندیم پر ہیں
قوم ان کے لئے دعاگو ہے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا ہے کہ ویٹ لفٹر طلحہ طالب کو بھی اولمپکس کی تیاری کے لئے سہولیات فراہم کیں، طلحہ طالب کو لاکھوں روپے کا سامان لیکر دیا اور ایک سٹیڈیم اس کے لئے مختص کردیا ہے جہاں وہ ٹریننگ کرے گا، جس نوجوان میں بھی ٹیلنٹ ہے ا س کو آگے لے کر گئے ہیں ، مستقبل میں بھی اولمپکس کے لئے کھلاڑیوں سے تعاون کریں گے۔ کشمیر پریمئر لیگ کے بارے میں ان کاکہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ منفی سیاست کی ہے
جب ہم نے کبڈی ورلڈکپ کرایا تھا توبھارت نے پروپیگنڈہ کیا کہ ہماری ٹیم نہیں ہے،وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اٹھایا ہے، کشمیر پریمیئر لیگ کے پلیٹ فارم سے کشمیر کے نوجوانوںکی آواز کو بین الاقوامی سطح پر اٹھائیں گے، ہر سطح پر کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔