جمیکا (سپورٹس لنک رپورٹ)کنگسٹن میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ومی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کو 168 رنز کا ہدف ملا جو اس نے آخری وکٹ پر پورا کرلیا۔
دو میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 203 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔چوتھے روز پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فہیم اشرف نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز سے اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔
پاکستانی ٹیم چوتھے روز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور مجموعی اسکور میں 8 رنز کے اضافے کے بعد فہیم اشرف آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان بابر اعظم بھی کیچ دے بیٹھے اور پھر کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر جم نہ سکا۔
قومی ٹیم دوسری اننگز میں 203 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا۔بابراعظم 55 رنز ، عابد علی 34 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بھی وکٹیں گاہے بگاہے گرتی رہیں۔ 16 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس کے بعد جرمین بلیک ووڈ نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔
151 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے 9 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 17 رنز اور پاکستان کو صرف ایک وکٹ درکار تھی تاہم کریز پر موجود کیمار روچ اور جیڈن سیلز نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور وکٹ گرنے نہ دی اور یوں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز میں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھائی، شاہین 4 اور حسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم اہم موقع پر ان میں سے کوئی بھی وکٹ نہ لے سکا۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 217 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز نے 253 رنز بنائے تھے اور اسے 36 رنز کی سبقت حاصل تھی۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ سیریز کا دوسرا میچ 20 اگست سے کنگسٹن میں ہی کھیلا جائے گا۔