ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے فتح حاصل کرلی۔ میچ میں شاہین آفریدی نے بہترین بالنگ کا مظاہرہ کیا۔ شاہین آفریدی نے دوسری اننگز میں 4 جب کہ مجموعی طور پر میچ میں 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے تین اور حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بیٹنگ میں پاکستانی بلے باز فواد عالم چھائے رہے، وہ 124 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کنگسٹن میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 49 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔ کریگ بریتھ ویٹ 17 اور الزاری جوزف نے 8 رنز سے اپنی اننگز جاری رکھی تاہم الزاری 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ کپتان کریگ بریتھ ویٹ سمیت کوئی بھی ویسٹ انڈین بلے باز پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا، بریتھ ویٹ کی مزاحمت 39 رنز پر دم توڑ گئی۔
نکروما بونر 2، روسٹن چیز 0، جرمین بلیک ووڈ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ گزشتہ روز کائل پاویل 23 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے تھے جب کہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 150 رنز پر آؤٹ کردیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 6،محمد عباس نے 3 اور فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کیں۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 152 رنز کی برتری کے ساتھ شروع کی، عمران بٹ 37 اور عابد علی 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اظہر علی نے 22، بابر اعظم 33، حسن علی 17 اور فہیم اشرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئر کردی اور یوں میزبان ٹیم کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 329 رنز کا ہدف دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگز میں جیسن ہولڈ اور الزاری جوزف نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کریگ بریتھ ویٹ اور کائل مئیرز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔