پاکستان نے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے 20 رکنی ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ جولائی میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا حصہ رہنے والے حارث سہیل ، سلمان علی آغا ، سرفراز احمد اور صہیب مقصود کو ڈراپ کردیا گیا ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف تین آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ ون ڈے انٹرنیشنل کے لیے 20 کھلاڑیوں کے سکواڈ کا اعلان کیا ہے جو 17 ، 19 اور 21 ستمبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
وکٹ کیپر محمد حارث ، فاسٹ بائولر محمد وسیم ،شاہنواز دہانی اور لیگ سپنر زاہد محمود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد اور خوشدل شاہ کو واپس بلا لیا گیا ہے۔دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان،عبداللہ شفیق، امام الحق، حارث رف، حسن علی، فخر زمان، فہیم اشرف ، خوشدل شاہ، افتخار احمد اور محمد رضوان شامل ہیں۔
ان کے علاوہ محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز،محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی ، عثمان قادر اور زاہد محمود بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔افتخار کا 7واں اور آخری ون ڈے زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں تھا جب کہ خوشدل کا واحد ون ڈے میچ راولپنڈی میں زمبابوے کے خلاف ٹائی میچ تھا۔