اس دور میں بچوں کو ذاتی دفاع کی تربیت دینا قومی خدمت ہے۔ اسلام آباد بانڈوایسوسی ایشن اپنی مدد آپ کے تحت ہزاروں بچوں کو معاشرے کے اچھے شہری بنانے میں مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کااظہار پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک اور بانڈوایسوسی ایشن اسلام آباد کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابرنے راولپنڈی اسلام آباد کی دوروزہ بانڈو چیمپئین شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اشرف تائی اور عبدالستار نیازی کے مشن کو ہر بچے تک پہنچانا ہمارے اوپر قرض ہے
لہذا والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی نونہالان وطن کو اپنے دفاع کے تربیتی پروگراموں کا حصہ بنائے تاکہ اندورونی و بیرونی شرپسندوں کا مقابلہ کرکے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان کا وزیر اعظم ایک کامیاب کھلاڑی ہے اس لئے ایک قوم ایک نصاب کے نعرے میں ہرطرح کے جسمانی کھیلوں کو نصاب میں نمایاں نمائندگی دی جانی چاہئیے۔چیمپئین شپ میں راولپنڈی اسلام آباد کے تمام کلبوں اور اکیڈمیز کے لڑکوں اور لڑکیوں نے شرکت کی دوروزہ مقابلوں کے فائنل جیتنے والوں میں مہمانان گرامی نے توصیفی اسناد، ٹرافیزاور انعامات بھی تقسیم کیے