سدرن پنجاب کو نیشنل ٹی ٹونٹی میں تاحال جیت کی تلاش ہے۔ راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کے دسویں میچ میں ناردرن نے سدرن پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر نیشنل ٹی ٹونٹی میں دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے۔ سدرن پنجاب کی یہ ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی ناکامی ہے۔
فاتح ٹیم نے 176 رنز کا ہدف پانچ گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ نو رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کرنے اور ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرنے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناردرن کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا ۔ اس کی ابتدائی تین وکٹیں محض 67 رنز پر گرچکی تھیں۔ ناصر نواز 24، روحیل نذیر 2 اور عماد وسیم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں محمد نواز نے پہلے حیدر علی اور پھر شاداب خان کے ہمراہ بالترتیب 33 اور 67 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔محمد نواز نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
حیدر علی نے 27 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 40 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔شاداب خان نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنائے۔
آصف علی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ سدرن پنجاب کے حسان خان نے دو جبکہ محمد الیاس اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سدرن پنجاب نے ناردرن کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 2 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب ذیشان اشرف ایک کے انفرادی اسکور پر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایسے میں کپتان صہیب مقصود نے تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور 74 رنز کی شراکت قائم کی۔
صہیب مقصود نے 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 75 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔یہ ان کی ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سنچری ہے۔ سلمان علی آغا 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
خوشدل شاہ اور اعظم خان نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا مگر دونوں بیٹرز لمبی اننگز نہ کھیل سکے۔ خوشدل شاہ 20 اور اعظم خان 18 رنز پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے۔ اننگز کے اختتامی اوورز میں عامر یامین نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 23 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 170 کے پار پہنچا دیا۔
سدرن پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔
ناردرن کے موسیٰ خان نے 40 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد نواز، عماد وسیم اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹورنامنٹ کے دسویں میچ کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر جی ایف ایس سندھ کا 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلا جبکہ ناردرن اور ہم سٹی سینٹرل پنجاب کا چار چار پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرا اور تیسرا نمبر پر ہے۔