تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے لیے پاکستان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں 19 نومبر بروز جمعے کو مدمقابل آئیں گی۔ اس دوران شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں 12,500 سے زیادہ کرکٹ شائقین ٹی ٹونٹی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست بیٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی مشہور کور ڈرائیوز سے محظوظ ہوسکیں گے۔
دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے تین میچز 19، 20 اور 22 نومبر کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔ پانچ سال بعد یہ پہلا موقع ہو گا کہ جب پاکستان بنگلہ دیش میں کوئی دو طرفہ سیریز کا میچ کھیلے گا۔
دونوں ٹیمیں اس سے قبل 12 مرتبہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آچکی ہیں۔ جہاں 10 مرتبہ پاکستان نے فتح حاصل کی تاہم بنگلہ دیش نے جن دو میچز میں کامیابی حاصل کی تھی وہ دونوں بنگلہ دیش میں ہی کھیلے گئے تھے۔ لہٰذا اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیلے گئے 4 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں بنگلہ دیش کا پاکستان کے خلاف جیت کا تناسب 50 فیصد ہے۔
اُدھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلےٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کے لیے 12 رکنی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، خوشدل شاہ، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شعیب ملک۔
شعیب ملک اس طرزکی کرکٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جانب سےدوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بھی ہیں۔ وہ حریف ٹیم کے خلاف 34.66 کی اوسط سے208 رنز بناچکے ہیں، جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم صرف 62 اننگز میں تیز ترین 2500 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے تیز ترین بیٹر بن گئے ہیں۔ اس سے قبل بھارت کے ویرات کوہلی نے 68 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کررکھا تھا۔
دوسری جانب محمد رضوان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 23 میچز میں86.08 کی اوسط سے 1033 رنز بنارکھے ہیں۔ ا س دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 136.45کا رہا ہے۔ اس میں ان کی ایک سنچری اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔