پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز سے بھرے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔یہ پہلا موقع ہے کہ جب انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹرز اور معروف کمنٹیٹرز بالترتیب نک نائٹ اور مائیک ہیزمین ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔مائیک ہیزمین حال ہی میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی کمنٹری کرنے پاکستان آچکے ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹری کرنے آرہے ہیں، وہ کراچی میں کھیلے جانے والے لیگ کے پہلے مرحلے میں کمنٹری کریں گے۔ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بالر ڈینی موریسن قذافی سٹیڈیم کے کمنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔ زمبابوے کی معروف آواز پومی ایمبینگوا بھی لیگ کے پہلے مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے۔غیرملکی ستاروں کے علاوہ پاکستان کے سابق کرکٹرز اور ممتاز کمنٹیٹرز بھی نیشنل سٹیڈیم کراچی اور قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری لائیو ایکشن پر تبصرہ کرنے کے لیے کمنٹری باکس کا حصہ ہوں گے۔
سابق کھلاڑیوں وقار یونس،بازید خان، ثنا میر، عروج ممتاز، مرینہ اقبال کے علاوہ اردو کمنٹری میں پاکستان کی موجودہ پہچان طارق سعید بھی لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔ایونٹ کی کوریج کے دوران 30 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔اس دوران دنیا بھر موجود ناظرین کے لیے بگی اور ڈرون کیمرے کے ذریعے کرکٹ کے خوبصورت اور دلکش مناظربھی عکس بند کیے جائیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں ایرن ہالینڈ کی بحیثیت پریزنٹر لیگ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ زینب عباس اور سکندر بخت کی جوڑی پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کرے گی۔پاکستان میں موجود کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس جبکہ شمالی امریکہ میں وِلو ٹی وی، افریقہ میں سپر سپورٹس، کیریبین میں فلو سپورٹس، یوکے اور نیوزی لینڈ میں سکائے سپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔