قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل رائونڈر شاہد آفریدی نے پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے مابین میچ میں حارث رئوف کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر تبصرہ کیا ہے۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ان کی حارث سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ بہترین رہی، حارث سادہ سے بندہ ہے اور اس کی بولنگ سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ وہ کتنا جارح مزاج ہے۔
انہوں نے حارث کے کامران غلام کو تھپڑ مارنے کے معاملے پر کہا کہ حارث نے کوئی اچھی حرکت نہیں کی ہے، اس طرح کی حرکت ٹی وی پر نہیں ہونی چاہیے، دنیا بھر میں پی ایس ایل دیکھا جارہا ہے اور ایسے میں اس قسم کی حرکت ریکارڈ پر آجاتی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ کچھ چیزیں اگر ہو جاتی ہیں تو ان سے سبق سیکھنا چاہیے اور آئندہ احتیاط سے کام لینا چاہیے۔سابق مایہ ناز کرکٹر کا کہنا تھا کہ فاسٹ بولر کے جارحانہ رویے کے مسائل گرومنگ اکیڈمی میں حل ہونے چاہییں۔شاہد آفریدی نے یہ بھی کہا کہ حارث رئوف کو آئندہ بہت احتیاط کرنی پڑے گی کیونکہ مستقبل میں اس کا ایسا رویہ کوئی برداشت نہیں کرے گا۔انہوں نے یہ بھی کہا حارث کی اس حرکت پر ٹیم مینجمنٹ کو ایکشن لینا چاہیے تھا لیکن مینجمنٹ کی جانب سے حارث کا دفاع کرنا غلط ہے۔