ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا نے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر انڈر 16 اور انڈر 21 گیمز میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو تعلیمی سکالرشپ کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی، پچھلے تین مہینوں سے سکالرشپ کی فراہمی بعض قانونی وجوہات کی بنا پر بند تھی ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے ضروری لوازمات پورے کرنے کے بعد کھلاڑیوں کے اکائونٹس میں رقم منتقل کر دی ہے اور وہ اگلے دو تین روز میں اکائونٹس سے رقم نکلواسکیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خالدخان کا کہنا ہے کہ انڈر 16 گیمز میں میڈلز جیتنے والے 87 کھلاڑیوں کو 23 لاکھ 28 ہزار اور انڈر 21 گیمز میں میڈلز جیتنے والے 580 مرد وخواتین کھلاڑیوں کو 2 کروڑ 65 لاکھ 76 ہزار روپے کے سکالرشپس کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ رقم دسمبر 2021، جنوری اور فروری 2022 کے لئے جاری کی گئی ہے، انڈر 21 گیمز کے آخری ایڈیشن کیمیڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن بھی شروع کردی گئی ہے کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بنک اکائونٹس کھلوائے، ایک سال تک کھلاڑیوں کو اعزازیہ ملے گا۔ خالد خان نے کہا کہ قانونی مسائل کی وجہ سے تاخیر ہوئی کھلاڑیوں نے ساتھ دیا جس پر وہ داد کے مستحق ہیں، مارچ کی سکالرشپ کی رقم بھی اسی مہینے جاری کی جائے گی اب کھلاڑیوں کو باقاعدگی کے ساتھ ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔انہوںنے کہا کہ میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو شفاف انداز میں اعزازیہ دے رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ سکالرشپ کو ریگولر پروگرام میں شامل کیا جائے اور میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو سال بھر رقم ملے۔