پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں نے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹریننگ سیشن کیا، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ پیر سے کھیلا جائے گا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم نے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرنا ہے، جو پیر سے شروع ہوگا، ٹیسٹ میچ کے لئے دونوں ٹیموں نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔
پہلا ٹریننگ سیشن ساڑھے 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا، سخت گرمی میں کھلاڑیوں نے خوب جم کر مشقیں کیں، سیشن کا آغاز معمول کے مطابق فزیکل ٹریننگ سے ہوا، جس کے بعد گروپس میں کھلاڑیوں نے فیلڈنگ پریکٹس کی۔پاکستان ٹیم نے فار اینڈ بلڈنگ کے دائیں اور مہمان ٹیم نے بائیں طرف پریکٹس پچز پر بولنگ اور بیٹنگ کی مشقیں کیں، اسٹیو اسمتھ نے خصوصی طور پر سلپ کیچز کی پریکٹس کی۔
لاہور ٹیسٹ کی پچ بھی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے لئے خصوصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، گراؤنڈ میں آتے ہی سب نے پہلے پچ کا جائزہ لیا اور ٹریننگ کے اختتام پر جب گراؤنڈ اسٹاف اپنا کام مکمل کر کے پچ کو ڈھانپ چکا تھا تو پاکستان کے کھلاڑیوں اور کوچز نے کورز اٹھا کر پچ کا جائزہ بھی لیا۔پریکٹس میں محمد رضوان اسپن بولنگ بھی کرتے رہے پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اتوار کو بھی قذافی اسٹیڈیم میں ساڑھے 11 بجے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔