بی آر بی گروپ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت100 باصلاحیت کھلاڑیوں کودئیے جانے والے جونیئر کنٹریکٹ کو اسپانسر کرے گا۔ ان کھلاڑیوں کو ماہوار 30 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔
اس پروگرام کے تحت پی سی بی ان کھلاڑیوں کو تعلیمی وظیفہ بھی دے گا، جس کے مطابق یہ کھلاڑی کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ بہترین اسکولز اور کالجز میں تعلیم حاصل کریں گے ۔
رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پی سی بی پاتھ وے کرکٹ پروگرام کو اسپانسر کرنے پر وہ بی آر بی گروپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور اس میں وہ ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔
رمیز راجہ نے کہا کہ مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑیوں پر سرمایہ کاری کرنا ہی ان کا اصل ہدف ہے۔ وہ اس پراجیکٹ پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گراس روٹ کی سطح پر بے مثال سرمایہ کاری کررہے ہیں۔
بلال خواجہ، چیئرمین بی آر بی گروپ:
چیئرمین بی آر بی گروپ کا کہنا ہے کہ وہ پی سی بی پاتھ وے کرکٹ پروگرام کے تحت پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے ستاروں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے سے متعلق پی سی بی کے ساتھ شراکت داری کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔
بلال خواجہ نے کہا کہ بی آر بی گروپ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے، یقین ہے کہ یہ تمام کرکٹرز آئندہ چند سالوں میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔