برطانوی دارالحکومت لندن میں برٹش پاکستانی باکسر عامر خان کے سر پر بندوق تان کر ان سے قیمتی گھڑی چھین لی گئی۔عامر خان نے پونے 2 کروڑ روپے مالیت کی گھڑی ڈاکووں کو دے کر اپنی جان بچائی۔باکسر عامر خان کی مذکورہ چھن جانے والی 19 قیراط روز گولڈ سے بنائی گئی گھڑی پر 719 ہیرے جڑے ہوئے تھے۔لندن میں باکسر عامر خان سے گھڑی چھین کر دونوں ڈاکو کار میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ان سے مشرقی لندن کے علاقے لیٹن میں اس وقت لٹیروں نے بندوق تان کر گھڑی چھین لی جب وہ اپنی اہلیہ فریال کے ہمراہ سڑک پار کر رہے تھے۔عامر خان نے کہا ہے کہ خوش قسمتی سے فریال مجھ سے چند قدم پیچھے تھیں جب لٹیروں نے میرے چہرے کے قریب بندوق تانی۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اہم چیز یہ ہے کہ ہم دونوں محفوظ ہیں۔