کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ٹاپ ویٹ لفٹرز طلحہ طالب اور ابوبکر غنی ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی اور عالمی فیڈریشن کی جانب سے معطلی کے باعث ملک کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عالمی فیڈریشن نے ان دونوں ویٹ لفٹرز کے بارے میں حتمی صورت حال سے تاحال ہمیں اپ ڈیٹ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ممکنہ طور پر دونوں ویٹ لفٹرز کامن ویلتھ گیمز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔طلحہ طالب کے ساتھ ابوبکر غنی نے اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی تھی۔ طلحہ طالب نے ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ ان دونوں کے علاوہ شرجیل بٹ، غلام مصطفی، عبدالرحمان اور فرحان امجد بھی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے کے باعث عارضی طور پر معطلی کا شکار ہیں۔