ملتان میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی تین روزہ ون ڈے کرکٹ سیریز 8 جون سے شروع ہورہی ہے جس کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ملتان پولیس سمیت دیگر ادارے پاک ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز جیسے بڑے ایونٹ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں، 5 سے 13 جون تک ضلع کی سکیورٹی کو ریڈ الرٹ رکھا جائے گا۔کرکٹ سٹیڈیم کے ارد گرد کے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز جاری ہیں جب کہ شہر کے تمام ہوٹلز اور سرائیوں میں رکنے والے افراد کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔
سکیورٹی کے پیش نظر میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کی پارکنگ فاطمہ جناح کالونی میں رکھی گئی ہے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے شائقین کو کرکٹ سٹیڈیم تک مفت لے جایا جائے گا۔6 ہزار پولیس اہلکار سٹیڈیم کے اطراف ٹیموں کے روٹس پر اور ان ہوٹلز پر تعینات کیے گئے ہیں جہاں یہ دونوں مہمان ٹیمیں قیام کریں گی، ان ہوٹلز میں عام آدمی کے لیے بکنگ بھی محدود کردی گئی ہے۔ٹیموں کو ہوٹل سے سٹیڈیم لے جانے اور واپس لانے کے لیے دو مختلف روٹس بنائے گئے ہیں، ٹیموں کو کس روٹ سے لے جایا جائے گا یہ میچ والے دن سکیورٹی حکام فیصلہ کریں گے۔