آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین میچز کے لیے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 8 جون بروز بدھ سے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ 14 سال بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئی بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلا جائے گا۔
سیریز کے باقی دو میچزبھی 10 اور 12 جون کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں مثبت نتائج حاصل کرکے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی کے لیے پرامید ہیں۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں یہ پاکستان کی پانچویں سیریز ہے۔اس سے قبل کھیلی گئی چار سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے فتح حاصل کی ہے جبکہ اسے انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان نے حال ہی میں بابراعظم کی زیرقیادت آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی ۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 20 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پہلی فتح تھی۔
آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں بابراعظم سر فہرست ہیں ۔وہ سپر لیگ کے رواں سائیکل میں 90.2 کی اوسط سے 902 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 5 سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔ اس سائیکل میں پاکستان کے دوسرے بیٹر امام الحق ہیں، جو اب تک 598 رنز بناچکے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 2 سنچریاں اور ایک ناقابل شکست 89 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کےشاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 19،19 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
پاکستان کی ٹیم سپر لیگ کے 12 میں سے 6 میچز جیت کر دسویں نمبر پر موجود ہے۔ مہمان سائیڈ 18 میں سے 8 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔
بابراعظم، کپتان قومی کرکٹ ٹیم:
بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ملتان میں اس سیریز کے آغاز کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ملتان کی عوام کرکٹ سے والہانہ محبت کرتی ہےاور انہیں یہاں آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملتان ایک طویل عرصے بعد بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کررہاہے، وہ پرامید ہیں کہ فینز کو دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
نکولس پوران، کپتان ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم:
نکولس پوران نے کہا کہ وہ سیریز کے آغاز کے لیے بہت پرجوش اور سیریز جیتنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ بابراعظم کی زیرقیادت پاکستان کی مضبوط ٹیم جیسے چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔وہ نتائج کی پروا کیے بغیر میزبان سائیڈ کے خلاف متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
سیریز میں شامل تینوں میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔