انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر بین سٹوکس کا ون ڈے کیریئر شکست پر اختتام پذیر ہوا ہے، جنوبی افریقہ کی ٹیم نے تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کی ٹیم کو پہلے ون ڈے میچ میں 62 رنز سے شکست دیدی، یہ بین سٹوکس کے ون ڈے کیریئر کا آخری ون ڈے میچ بھی تھا جنہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا تھا، جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر راسی وین ڈیر ڈوسن کی شاندار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 333 رنز بنا ڈالے جنوبی افریقہ کی جانب سے راسی نے 134، جانیمن ملان نے 57، ایڈن مارکرم نے 77 رنز کی اننگز کھیلی، انگلینڈ کی جانب سے سام کورن، معین علی، برائیڈن کارس اور لیام لیوئنگسٹون نے دو وکٹیں حاصل کی
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 46.5 اوورز میں 271 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی اور میچ 62 رنز کے فرق سے ہار گئی، جو روٹ نے 86، جونی بیئر سٹو نے 63 اور جیسن رائے نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، اپنا آخری ون ڈے میچ کھیلنے والے بین سٹوکس پانچ رنز بنا پائے، جنوبی افریقہ کی جانب سے اینریچ ٹارٹیجے نے چار، تبریز شمسی اور ایڈن مارکرم نے دو دو جبکہ کیشو مہاراج ، لنگی نگیدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، راسی وین ڈیر ڈوسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔