سابق عالمی نمبر ون ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز جنہوں نے یو ایس اوپن کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رکھا ہے کو کینیڈین اوپن کے دوسرے ہی رائونڈ میں کینیڈا کی کھلاڑی بلینڈا بینسک کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونا پڑا ہے، 23 گرینڈ سلام ٹینس اعزازات جیتنے والی سرینا ولیمز کو بلینڈا نے با آسانی چھ دو اور چھ چار سے شکست دی چالیس سالہ سرینا ولیمز کا اس موقع پر شائقین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا ، شکست کے بعد سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ مجھے ہمیشہ ٹورنٹو میں کھیل کر خوشی محسوس ہوئی ہے اور میری خواہش تھی کہ میں یہاں اپنے کیریئر کے آخری میچوں میں کامیابی حاصل کروں تاہم بلینڈا نے شاندار کھیل پیش کرکے مجھے شکست دی ہے ، ان کا کہنا تھا کہ جیسے کہ میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ ٹینس کو خیرباد کہنا مشکل تھا مگر یہ فیصلہ مجھے کرنا پڑا، میں ٹورنٹو اور یہاں کے شائقین کو بھی گڈبائی کہتی ہوں، اب یہاں کھیلنے نہیں آئوں گی۔