سابق بھارتی سٹار آل رائونڈر عرفان پٹھان نے ممبئی ائیرپورٹ پر ائیرلائن عملے کی جانب سے اپنے اور اہل خانہ کے ساتھ ناروا سلوک کی شکایت کردی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عرفان پٹھان نے ممبئی ائیرپورٹ پر پیش آئے نامناسب واقعہ کے حوالے سے ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ ممبئی سے دبئی جانے کیلئے ائیرپورٹ پہنچے، جہاں مجھے اور میرے اہل خانہ کو وستارا ائیرلائن کے چیک ان کائونٹر پر تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک بلاوجہ روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ اپر کلاس میں ٹکٹ کنفرم ہونے کے باوجود ائیرلائن انتظامیہ نے ہماری ٹکٹ ڈائون گریڈ کردیں۔
عرفان پٹھان نے کہا کہ ائیرلائن انتظامیہ کا عملے ان کے ساتھ بدتمیزی سے پیش آیا، عرفان کا کہنا تھا کہ ایئرلائنز نے ٹکٹوں کو اوور سیل کیا، جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ بہت سے دوسرے مسافروں کو بھی اسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سابق آل رائونڈر نے حکام سے ایکشن لینے کی درخواست کی ہے تاکہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔خیال رہے کہ عرفان پٹھان ایشیا کپ 2022 کے کمنٹری پینل میں شامل ہیں، جس کیلئے وہ دبئی جارہے تھے۔