پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سابق کرکٹر عاقب جاوید کی تنقید کا جواب دے دیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھاکہ عاقب جاوید نے میرے رن ریٹ کے حوالے سے کہا وہ نہیں سنا لیکن انہیں خیال کرنا چاہیے وہ بھی کبھی کرکٹر رہے ہیں۔ان کا کہنا کہنا تھاکہ سب کی اپنی رائے ہوتی ہے، نہ ہم ان کی باتیں سنتے ہیں اور نہ ہی باہر کی باتیں اندر لیکر آتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ کرکٹر بات ضرور کریں لیکن بحیثیت کھلاڑی آپ ان سب چیزوں سے گزرے ہوتے ہیں کہ کتنا مشکل ہوتا ہے اور کتنی ذمہ داری اور دباؤ ہوتا ہے۔بابراعظم کا کہنا تھاکہ پرسنل اٹیک نہیں ہونا چاہیے، میں پوری ٹیم کی بات کررہا ہوں نہ ہمیں فرق پڑتا ہے کہ کون کیا کررہا ہے؟
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عاقب جاوید نے محمد رضوان اور بابر اعظم کے حوالے سے کہا تھاکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اوپنرز پاکستان کو کوئی ٹورنامنٹ جتوانے والے نہیں ہیں ، مجھے نہیں سمجھ آتی ہے کہ جس طرح کی ہم کرکٹ کھیل رہے ہیں اس میں ہم کیسے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے اوپنرز نمبر ون نمبر ٹو ٹی ٹوئنٹی بیٹرز ہیں لیکن یہ کوئی ٹورنامنٹ جتوانے والے نہیں ہیں، ان کا کیا کرنا ہے ، ایک اوپنر ان میں ہیں جو جب اننگز کا آغاز کرتے ہیں تو اس وقت رن ریٹ 8 کا درکار ہوتا ہے وہ 15 اوورز کھیلتے ہیں اور 17 کا رن ریٹ چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔