ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلی وکٹ لینے والے بولر ایلن تھامسن 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ایلن تھامسن اپنے غیر معمولی بالنگ سٹائل کی وجہ سے مشہور تھے، وہ 1970-71 میں 7 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز کے 4 ٹیسٹ میچز میں بھی کینگروز ٹیم کا حصہ تھے۔ایلن تھامسن نے پہلے دو ٹیسٹ میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی گی لیکن میلبرن میں شیڈول تیسرا ٹیسٹ بارش کے باعث ملتوی ہو گیا، اس سے پہلے کہ وہ پانچواں اور چھٹا ٹیسٹ میچ کھیلتے انہوں نے تاریخ رقم کر دی۔جب میلبرن ٹیسٹ بارش کے باعث متاثر ہوا تو دونوں ٹیموں کے درمیان 5 جنوری 1971 کو 40 اوورز پر مشتمل ایک روزہ میچ کھیلا گیا۔
اس میچ میں ایلن تھامسن نے انگلینڈ کے سابق کپتان جیفری بائیکاٹ کو سکوائر لیگ پر بل لاری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کرایا۔ ایلن تھامسن نے اس میچ میں 8 اوورز میں 22 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی اور میچ آسٹریلیا 5 وکٹوں سے جیت گیا۔فروگی کے نام سے مشہور ایلن تھامسن نے 1969 میں اس وقت شہرت حاصل کی جب شیفلڈ شیلڈ ٹرافی میں وکٹوریا کی طرف سے کھیلتے ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلتے ہوئے شاندار پرمارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں۔ایلن تھامسن کا انٹرنیشنل کیرئیر زیادہ اچھا نہیں رہا اور انہوں نے 4 ٹیسٹ میچز میں صرف 12 وکٹیں حاصل کی تاہم 44 فرسٹ کلاس میچز میں انہوں نے 184 وکٹیں حاصل کیں۔