نیوزی لینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے اعلان کردہ پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ میں 3 کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عبوری سلیکشن کمیٹی نے فاسٹ بولر میر حمزہ، آف اسپنر ساجد خان اور فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو شامل کرلیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ عبوری سلیکشن کمیٹی کے اجلاس میں ہوا، اجلاس میں کپتان بابر اعظم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ قائداعظم ٹرافی کے 4میچز میں میر حمزہ نے 16 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے7 میچز میں 21 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی ٹیم کے ساتھ ہونے کی وجہ سے دھانی صرف 2 میچز کھیل سکے۔خیال رہے کہ میر حمزہ نے اپنا واحد ٹیسٹ اکتوبر 2018 میں ابوظبی میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلا تھا۔ساجد خان نے اپنا ساتواں اور آخری ٹیسٹ میچ رواں برس لاہور میں آسٹریلیا کیخلاف کھیلا تھا۔ وہ اب تک 22 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں گزشتہ برس ڈھاکا میں بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ میں 42 رنز کے عوض 8 وکٹیں بھی شامل ہیں۔شاہنواز دھانی اب تک ٹیسٹ ڈیبیو نہیں کرسکے ہیں تاہم دو ون ڈے اور 11 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔