آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی بیٹر عائشہ نسیم کی جانب سے لگائے گئے 2 شاندار چھکوں کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہورہے ہیں۔سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان فتح تو حاصل نہ کرسکا لیکن 18 سالہ عائشہ نسیم نے پاکستانی سوشل میڈیا صارفین سمیت آسٹریلوی ویمن ٹیم کی کھلاڑی کے بھی دل جیت لیے جس کے بعد عائشہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کررہی ہیں۔
عائشہ کے چھکوں کی ویڈیو کرکٹ آسٹریلیا نے ٹوئٹر پر شیئر کی جسے آسٹریلوی کرکٹر رکیل ہینس نے شیئر کیا اور عائشہ کو سنجیدہ ٹیلنٹ قرار دیا۔رکیل ہینس نے مزید کہا امید ہے کہ ہم اس سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں عائشہ نسیم کی کارکردگی کو مزید اچھا دیکھیں گے۔اس کے علاوہ پاکستان کی سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر عروج ممتاز نے بھی عائشہ کی کارکردگی کو سراہا اور ان کے شاٹس کی تعریف کی۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے جی ایم ریحان الحق نے ٹوئٹر پر عائشہ کو ٹیلنٹڈ قرار دیا۔خیال رہے کہ آسٹریلین ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 8 وکٹ سے ہرا کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 118 رنز بنائے، قومی کرکٹر نے 20 گیندوں پر 24 رنز اسکور کیے۔آسٹریلین ویمنز ٹیم نے ہدف 14 ویں اوور میں 2 وکٹ پر حاصل کر لیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی جمعرات اور تیسرا اتوار کو شیڈول ہے۔