وزیراعظم شہباز شریف سے اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم نے جان شیر خان (جو 8 مرتبہ عالمی چیمپئن اور 6 مرتبہ برٹش اوپن چیمپئن کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں) کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے اور آپ کے خاندان نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، ملک میں اسکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت ملک میں اسکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے وزیراعظم کو اسکواش کے فروغ کیلئے اپنی حالیہ سرگرمیوں بارے آگاہ کیا جنھیں وزیراعظم نے سراہا۔ خیال رہے کہ جان شیر خان ان دنوں اسکواش کے نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔