بھارت کی سابق ٹینس اسٹار اور کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کو ویمن کرکٹ ٹیم کی مینٹور مقرر کردیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ثانیہ مرزا کو ویمن پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلورکا مینٹور مقرر کیا گیا ہے۔
فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ثانیہ مرزا ویمن اسپورٹس میں ایک رول ماڈل ہیں، ہمارے لیے یہ خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ ثانیہ مرزا ٹیم کی مینٹور ہیں،ثانیہ ایک ایسی شخصیت ہیں کہ جن کے ساتھ پلیئرز اچھے انداز میں بات کر سکتی ہیں۔
دوسری جانب ثانیہ مرزا نے بھی ویمن کرکٹ ٹیم کی مینٹور بننے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ویمن پریمیئر لیگ سے انڈین ویمن کرکٹ اور مضبوط ہوگی۔
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا 6 گرینڈ سلم اور 43 ڈبلیو ٹی اے ٹائٹلز جیت چکی ہیں، دوسری جانب بھارت میں ویمن پریمیئر لیگ کا پہلی مرتبہ انعقاد کیا جا رہا ہے ۔