ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 194 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 39.3 اوور میں حاصل کر لی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 79 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ رضوان نے ناقابل شکست 63 رنز کی باری کھیلی۔
اوپنر فخر زمان 20 رنز بنا کر شرف الاسلام کا نشانہ بنے، کپتان بابر اعظم 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد، شرف اسلام اور مہدی حسن مراز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں بنگلادیش کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی،
وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4، نسیم شاہ نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے بعد پاکستانی ٹیم سری لنکا کا رخ کریں گی جہاں قومی ٹیم اور روایتی حریف بھارت کی 10 ستمبر کو کولمبو میں جنگ چھڑے گی۔
گرین شرٹس جمعرات 14 ستمبر کو اسی میدان میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کے مدمقابل آئیں گے۔