پہلا ون ڈے انٹرنیشنل: پاکستان ویمنز نے بنگلہ دیش ویمنز کو 5 وکٹوں سے ہرادیا
بنگلہ دیش ٹیم صرف 81 رنز پر آؤٹ ، سعدیہ اقبال کی کریئر بیسٹ چار وکٹیں
ڈھاکا 4 نومبر، 2023:ء
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اسپنرز کی شاندار بولنگ اور کپتان ندا ڈار کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے نتیجے میں بنگلہ دیش ویمنز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
اس طرح اسے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔یہ سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان ویمنز کی بنگلہ دیش ویمنز کے خلاف تیرہ میچوں میں یہ ساتویں کامیابی ہے۔
ہفتے کے روز شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان کی اسپنرز نے اپنی شاندار بولنگ سے اسے 31.5اوورز میں صرف81 رنز پر آؤٹ کردیا۔
جواب میں پاکستان ویمنز نے24.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان کی اسپنرز میں لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ اقبال کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی ۔ بنگلہ دیش کی گرنے والی پہلی چار وکٹیں انہوں نے ہی حاصل کیں۔انہوں نے صرف 13 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی بہترین انفرادی بولنگ بھی ہے۔
میزبان ٹیم صرف 25 رنز پر چار وکٹیں گرجانے کے نیتجے میں سنبھل نہ سکی۔
کپتان ندا ڈار اور ام ہانی کی آف اسپن بولنگ نے میزبان ٹیم کی بساط صرف 81رنز پر لپیٹ دی۔ان دونوں بولرز نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش ویمنز کی طرف سے فہیمہ خاتون 18 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ریتو مونی نے 14 اور کپتان نگار سلطانہ نے 13 رنز اسکور کیے۔
پاکستان ویمنز نے 82 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پانچ وکٹیں گنوائیں ۔سدرہ امین 7، صدف شمس7، بسمہ معروف 3 اور منیبہ علی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔کپتان ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے28 رنز کی اہم شراکت قائم کی ۔
عالیہ ریاض دو چوکوں کی مدد سے16 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔کپتان ندا ڈار نے آؤٹ ہوئے بغیر 35رنز اسکور کیے جس میں تین چوکے شامل تھے۔
ناہیدہ اختر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور:
بنگلہ دیش ویمنز 81 رنز ( 31.5 اوورز ) فہیمہ خاتون 18، سعدیہ اقبال 13 / 4 وکٹ، ندا ڈار 10 / 3 وکٹ، ام ہانی 20/3 وکٹ۔
پاکستان ویمنز۔ 85 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ ( 24.5 اوورز ) ندا ڈار35 ناٹ آؤٹ، عالیہ ریاض16، ناہیدہ اختر 30/ 3 وکٹ۔