وزیراعظم یوتھ پروگرام، بلوچستان جوڈو صوبائی لیگ اختتام پذیر، لڑکوں میں لورالائی کی پہلی جبکہ لڑکیوں میں سبی کی پہلی پوزیشن
صوبے کے پانچ اضلاع کوئٹہ، سبی، اتھل، خضدار، اور لورالائی کی ٹیموں کے درمیان جوڈو کے مقابلے
کوٸٹہ 06 مئی 2024 (رپورٹ مہک شاہد)
بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار اور میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے زیر اہتمام ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے اور
بلوچستان جوڈو ایسوسی ایشن کے زیر نگرانی وزیراعظم یوتھ پروگرام بلوچستان جوڈو صوبائی لیگ کی اختتامی تقریب کوئٹہ کے ایوب سپورٹس کمپليکس کے ابرار جمنازیم میں منعقد کی گئی
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر مسعود احمد تھے اس موقع پر ان کے ہمراہ بلوچستان جوڈو ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر بشیر بابئی، جنرل سیکرٹری نور احمد رند، ڈائریکٹر سپورٹس بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار وقار حضور،
ڈائریکٹر سپورٹس میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی عرفان احمد، ڈائریکٹر سپورٹس بیوٹمز مسعود احمد کاسی، بلوچستان والی بال ایسوسی ایشن کے صدر بلال خان کاکڑ، مس اختر صاحبہ، مس شہلا گل، اکمل خلجی، و دیگر موجود تھے،
پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سینئر نائب صدر مسعود احمد نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام منعقد ہونا خوش آئند ہے ایسے ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے
انہوں نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ آگے جانے کا بہترین موقع ہے قومی سطح پر لیگ منعقد ہوگی
جس میں ہر صوبے سے دو دو ٹیمیں حصہ لیں گی اور اس کے بعد قومی ٹیم بنے گی تو کھلاڑی اچھا کھیل کر آگے جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ جون کے آخر میں ہماری کوشش ہے کہ قومی جوڈو چیمپئن شپ منعقد کریں تاکہ جوڈو کے کھلاڑیوں کو مزید مواقع مل سکیں،
اس موقع پر مہمان خصوصی نے کامیاب ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کیش انعام، ٹرافی اور میڈلز تقسیم کئے، لڑکوں میں لورالائی نے 75 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، کوئٹہ نے 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور سبی نے 55 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی
جبکہ لڑکیوں میں سبی نے 65 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، لورالائی نے 60 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور خضدار نے 55 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی،
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 80 ہزار، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 40 ہزار اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 24 ہزار روپے انعام دیا گیا۔