پاکستان نے دبئی میں ہونے والا بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک ٹورنامنٹ جیت لیا۔
دبئی میں ہونے والے بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان ٹیم میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف شروع ہی سے چھائی رہی اور ایک، ایک کرکے سکور بناتی رہی۔
فائنل میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم پاکستان کے خلاف بے بس دکھائی دی اور پاکستان نے فائنل ایک کے مقابلے 12 سکور سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
9 ممالک کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے اس ایونٹ میں پاکستان ٹیم ناقابل شکست رہی، فائنل جیتنے کے بعد ٹیم نے بھرپور جشن مناتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے، کھلاڑیوں نے میدان میں سجدہ شکر ادا کیا اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ وکٹری پریڈ بھی کی۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 3-17 سے شکست دی تھی۔ قبل ازیں، ٹورنامنٹ میں پاکستان نے بھارت کو 0-12، یو اے ای کو 3-10 اور بنگلہ دیش کو 0-10 سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 15 برسوں کے دوران پاکستان ایشیا میں اب تک 10 بیس بال ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کرچکا ہے، جس میں گزشتہ برس جنوری میں اسلام آباد میں ہونے والا ویسٹ ایشیا کپ بھی شامل ہے۔