دیگر سپورٹس

ورلڈ ٹیبل ٹینس ڈے کے موقع پر زروبی صوابی میں رنگارنگ مقابلے، بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت

ورلڈ ٹیبل ٹینس ڈے کے موقع پر زروبی صوابی میں رنگارنگ مقابلے، بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت

صوابی: ورلڈ ٹیبل ٹینس ڈے کی مناسبت سے ضلع صوابی کے علاقے زروبی میں ایک رنگارنگ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف عمر کے بچوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔

اس ایونٹ کا مقصد عالمی سطح پر منائے جانے والے اس دن کو بھرپور طریقے سے منانا اور بچوں میں کھیلوں خصوصاً ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے عملی اقدامات اٹھانا تھا۔

مقابلوں کے دوران بچوں کی مہارت، جذبہ اور کھیل سے لگن قابل دید تھی۔ والدین اور مقامی شائقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کرکے ایونٹ کو مزید کامیاب بنایا۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور ڈسٹرکٹ صوابی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شہزاد اسلام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیبل ٹینس ایک دلچسپ اور ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے والا کھیل ہے، جسے گھر کے قریب سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے ہر بچے تک پہنچانا ہمارا ہدف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوابی میں ٹیبل ٹینس کے فروغ کے لیے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے کے لیے ایسے ایونٹس کا انعقاد نہایت اہم ہے۔

ایونٹ کے اختتام پر شرکاء میں انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ والدین نے منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں کے لیے نہ صرف تفریحی موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!