پاکستانی حملوں کا خوف، انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) معطل
پاکستان پر حملوں کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائیوں ;
بھارت نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ہی معطل کر دی۔
ویب ڈیسک ; پاک بھارت کشیدگی کے باعث انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو معطل کردیا گیا، بی سی سی آئی جلد معطلی کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل منیجمنٹ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں آئی پی ایل کو روکنے کی تجویز پر غور کیا گیا جس کے بعد لیگ کو معطل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی جلد ایونٹ کی معطلی کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔
اس سے قبل ہی یہ بات سامنے آچکی تھی کہ پاکستان سے کشیدگی کے باعث بھارت میں جاری انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کردیا ہے۔
آسٹریلوی میڈیا نے پہلے ہی رپورٹ کردیا تھا کہ آئی پی ایل میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے گھر واپسی کا سوچنا شروع کردیا ہے۔ کھلاڑی آسٹریلیا یا دبئی جانے کے خواہشمند تھے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے 15 کھلاڑی اور 2 کوچز بھارت میں موجود ہیں، جس میں پیٹ کمنز، جسٹن لینگر اور رکی پونٹنگ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ روز دھرم شالہ میں ہونے والا آئی پی ایل میچ بھی اچانک روک دیا گیا تھا، اسٹیڈیم کی روشنیاں بند کر دی گئی تھیں اور غیر ملکی کھلاڑیوں نے اپنے وطن واپسی کے لیے فلائٹس کی تلاش شروع کر دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان پر بھارتی حملے کے بعد پاک فوج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی،
جس پر پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔