کرکٹ

ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک ; بھارتی اسٹار کرکٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹی 20 کے بعد اب ٹیسٹ فارمیٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ کی معروف ایپلیکیشن انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بھارتی اسٹار کرکٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

36 سالہ سابق کپتان ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ 14 سال پہلے کی بات ہے جب میں نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کیلئے سفید لباس پہنا، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ٹیسٹ فارمیٹ مجھے کس سفر پر لے جائے گا۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ 14 سال ٹیسٹ کرکٹ میں بھارت کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے، اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینا آسان نہیں تھا لیکن مجھے یہ ٹائم درست لگا، دل میں شکر گزاری کے جذبات کے ساتھ اس فارمیٹ سے رخصت ہو رہا ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ سفید لباس میں کھیلنا کچھ خاص ہوتا ہے، ٹیسٹ فارمیٹ نے مجھے آزمایا، نکھارا اور ایسی زندگی کی سچائیاں سکھائیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی، میں ہمیشہ اپنی ٹیسٹ کرکٹ کیریئر کو مسکراہٹ کے ساتھ یاد کروں گا۔

ویرات کوہلی نے ٹیسٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان ایسے وقت میں کیا ہے جب بھارت کا انگلینڈ کا دورہ محض ایک ماہ دور ہے۔

خیال رہے کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 20 جون سے ہیڈنگلے میں شروع ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!