33ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل ملک بھر کا سفر کرنے کے بعد میزبان شہر پشاور پہنچ گئی

پشاور(عاصم شیراز/سپورٹس لنک رپورٹ) 33ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل ملک بھر کا سفر کرنے کے بعد میزبان شہر پشاور پہنچ گئی ، تاریخی قلعہ بالاحصار کے پہلو میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں سکواش کے پاکستان نمبر 1 کھلاڑی فرحان محبو ب نے مشعل وصول کی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک کے حوالے کی ، تفصیلا ت کے مطابق 33ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل کا سفر 6 اکتوبر کو روشنیوں کے شہرکراچی میں مزار قائد سے شروع ہو ا ، مشعل کراچی سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ ،لاہور ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان پہنچی ، 19 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے پرفضا سیاحتی مقام ناران میں مشعل خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ کے حوالے کی گئی جس کے بعدمشعل اولمپئن باکسر کیپٹن ارشد حسین نے وصول کی اور مختلف انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے ہوتے ہوئے اس کا خیبرپختونخوا کاسفر شروع ہوا ، مشعل ریلی کا دوسرا پڑائو ایبٹ آباد میںہوا جہاں مشعل اولمپئن مدثر نے وصول کرکے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کے حوالے کی

اس موقع پر جلال بابا آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ہزارہ کے مقامی گلوکاروں نے موسیقی کی پرفارمنس پیش کی ، مشعل کا اگلا پڑائو اٹک تھا جہاں پر نیشنل سائیکلسٹ چمپئن محسن خان نے لیجنڈ سکواش چمپئن قمر زمان کے حوالے کی ، اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت ،کھیل و آثارقدیمہ کامران رحمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، قمر زمان کا کہنا تھا کہ پشاورمیں گیمز کا انعقاد ہمارے کیلئے اعزاز کی بات ہے اس سے دنیا کو پتا چلنا چاہیے کہ پاکستان پرامن ملک ہے ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک نے کہاکہ نیشنل گیمز کی تاریخ میں پہلی بارمشعل کا ایسا شاندار استقبال کیا گیا اس دفعہ نیشنل گیمز کی تھیم سیاحت اور ثقافت کا فروغ ہے

صوبے میں بہترین اور مثالی گیمز کے انعقاد کیلئے تیار ہیں ، ہمارے پاس وقت موجود ہے مشعل صوبے بھر کی مختلف ڈسٹرکٹ سمیت ضم اضلاع بھی جائے گی جس کا بنیادی مقصد لوگوں میں نیشنل گیمز کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے ، سفرمشعل کے استقبال میں کثیر تعداد میں کھلاڑیوں اور سکول طلباء نے مختلف مقاما ت پر قومی جھنڈیاں ہاتھوں میں اٹھائے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے استقبال کیا

نوشہرہ کے مقام پر شوبراہ چوک میںممبر صوبائی اسمبلی میاں خلیق الرحمان،ڈپٹی کمشنرنوشہرہ شاہد علی خان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرجمشید بلوچ، ضلعی انتظامیہ نوشہرہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرکی نگرانی میں مشعل کا پرتپاک استقبال کیا گیاجس کے بعد مشعل پشاور پہنچی جہاں قلعہ بالا حصار پر کھلاڑیوں نے مشعل وصول کی اور اس کے بعد پشاور صدر سے ہوتی ہوئی قیوم سٹیڈیم میں منعقدہ پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

error: Content is protected !!