7واں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ،عمر خان کی تباہ کن بولنگ نے سدرن گیس کو سیمی فائنل کا ٹکٹ دلا دیا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) 7واں کارپوریٹ ٹی ٹوئنٹی کپ 2019کے گروپ میچز مکمل ہوگئے۔ گروپ ’اے‘ سے سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک جبکہ گروپ ’بی‘ سے عمر ایسوسی ایٹس اور اسٹیٹ بینک نے سیمی فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔فائنل آج (ہفتہ) ساڑھے 10بجے شب کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے آخری گروپ میچ میں سوئی سدرن گیس نے نیشنل بینک کو 12رنز کی شکست سے دوچار کیا اور فتوحات کی ہیٹرک سمیٹتے ہوئے گروپ ’اے ‘سے بحیثیت گروپ لیڈر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔نیشنل بینک نے اپنے تین میچوں میں مومن سیڈز کیخلاف واحد کامیابی حاصل کی جبکہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کیخلاف انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گروپ ’بی‘ میں عمر ایسوسی ایٹس کو پہلی اور اسٹیٹ بینک کو دوسری پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل کا ٹکٹ ملا۔ سیمی فائنل میں سدرن گیس کا سامنا اسٹیٹ بینک اور عمر ایسوسی ایٹس کے مدمقابل کے الیکٹرک آئے گی۔ ڈی ایچ اے اسپورٹس اسٹیڈیم (معین خان کرکٹ اکیڈمی) کی فلڈ لٹ میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں سوئی سدرن گیس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 157رنز اسکور بورڈ کی زینت بنائے۔ عمر امین نے 64رنز کی جارحانہ اننگز 7چوکوںاور3چھکوں کی مدد سے کھیلی۔ خوشدل شاہ کے 31رنز میں 3بلند بالا چھکے شامل تھے۔سیف بنگش کے 25رنز ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے بنے۔سلو لیفٹ آرم محمد اصغر نے 13رنز پر 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ علی عمران نے 38رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔نیشنل بینک کی جوابی اننگز 145رنزتک محدود رہی جب مقررہ 20اوورز میں 8وکٹیں گنوائیں۔علی عمران 34رنز میں 2چھکے لگا کر اپنی ٹیم کے نمایاں بلے باز رہے۔ دانش عزیز نے 31رنز میں 3چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کامران اکمل کی 26رنز کی اننگز 2چھکوں اور 2چوکوںسے مزین تھی۔سلو لیفٹ آرم عمر خان نے 25رنز پر 4مڈل آرڈر بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کی کامیابی کی راہ ہموار کی۔احمد جمال نے 20رنز پر 2مہرے کھسکائے۔ سہیل خان نے 35رنز پر دونوں اوپنرز کو میدان بدر کیا۔ عمر خان کو عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا انہیں سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سکندر بخت نے مین آف دی میچ کیش ایوارڈ دیا۔ ایمپائرز خالد محمود اور امتیاز اقبال تھے۔

error: Content is protected !!