نکولس پوران کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

نکولس پوران کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ویب ڈیسک ; ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر نکولس پوران نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر نکولس پوران نے صرف 29 برس کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا، جس نے شائقینِ کرکٹ کو حیران کر دیا ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ نکولس پوران نے اپنے فیصلے سے بورڈ کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے۔ بیان میں انہیں ایک ورلڈ کلاس پلیئر اور گیم چینجر قرار دیتے ہوئے ان کے شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز نے اپنے بیان میں نکولس پوران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور واضح کیا کہ ان کی کمی میدان میں ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔
پوران کی اچانک ریٹائرمنٹ نے نہ صرف مداحوں بلکہ کرکٹ کے حلقوں کو بھی حیران کیا ہے، کیونکہ ان کی جارحانہ بیٹنگ اور بے مثال وکٹ کیپنگ نے انہیں محدود اوورز کی کرکٹ کا ایک اہم ستون بنا دیا تھا۔
نکولس پوران ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انہوں نے 106 ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں 2,275 رنز اسکور کیے، جب کہ 61 ون ڈے میچز میں بھی 1,983 رنز اپنے نام کیے۔



