بھارت کا بڑا یوٹرن: ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ

بھارت کا بڑا یوٹرن: ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ
کولمبو: بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے اہم میٹنگ میں ورچوئلی شرکت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق ایشیا کپ 2025 کا مستقبل غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہے، مئی 2025 میں پاک- بھارت کشیدگی کے بعد سے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا ہوا ہے اور اب اس کا فیصلہکل ایشیائی کرکٹ کونسل کے سالانہ جنرل اجلاس میں متوقع ہے۔
اجلاس کی نوعیت اہم ہونے کے باوجود اس پر غیر ضروری توجہ مرکوز ہوئی، اب بورڈ آف کنڑول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) اجلاس میں فزیکلی نہیں بلکہ آن لائن شرکت کرے گا، بی سی سی آئی کی جانب سے راجیو شکلا بھارت کی نمائندگی کریں گے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کا نمائندہ اجلاس میں ذاتی حیثیت میں شریک ہوگا یا پھر ورچوئلی حصہ لےگا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اے سی سی اجلاس میں افغانستان اور عمان کی شرکت مشکوک تھی تاہم اب دونوں ممالک اجلاس میں شریک ہوں گے، نیپال، بھارت کی پیروی کرتے ہوئے ورچوئلی شرکت کرے گا۔
ایشیا کپ 2025، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، اجلاس کا ایک اہم ایجنڈا ہے، اگرچہ میزبانی کے حقوق بی سی سی آئی کے پاس ہیں لیکن میچز ستمبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہونے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کسی اعلیٰ سطح کے جلاس کی میزبانی کر رہا ہے، بورڈ کے صدر امین الاسلام نے کہا کہ وہ صرف لاجسٹک (انتظامی) تعاون فراہم کر رہے ہیں، انہوں نے بی سی سی آئی یا سری لنکن کرکٹ بورڈ کے نمائندے نہ بھیجنے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔



