سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے یومِ استحصال کشمیر پر ریلی کا انعقاد

سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے یومِ استحصال کشمیر پر ریلی کا انعقاد
نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ایک پرجوش ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے کی۔
ریلی میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سینکڑوں افسران اور ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ اور ’’بھارت کا غاصبانہ قبضہ نامنظور‘‘ جیسے جوشیلے نعرے لگا کر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چوہدری نے کہا کہ آج ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یومِ استحصال کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کا آئینی اسٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش کی، جو نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت پر بھی حملہ ہے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان کے 24 کروڑ عوام کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ اس وقت تک کھڑی رہیں گی جب تک کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارت کو ’’بنیان المرصوص‘‘ کے جذبے سے پیغام دیا ہے کہ اس کا ظلم و جبر ہم توڑ سکتے ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کو ان کا حق دلوا کر ہی دم لیں گے۔
ڈی جی سپورٹس پنجاب نے کہا کہ آج کے دن ہم پوری دنیا کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کر رہے ہیں اور دنیا کو بتا رہے ہیں کہ بھارت کس طرح کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔



