کرکٹ

دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرا میچ اتوار کو ہوگا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل : آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی۔

سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی۔ تیسرا میچ اتوار کو ہوگا۔

ڈبلن 8 اگست ۔ آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔

اس طرح آئرلینڈ نے تین میچوں کی سیریز جیت لی ہے جبکہ ابھی ایک میچ باقی ہے۔ اس نے پہلا میچ 11 رنز سے جیتا تھا۔ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

جمعہ کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان نے سیریز میں دوسری مرتبہ ٹاس جیتا۔ اس مرتبہ اس نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

جواب میں آئرلینڈ ویمنز نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

پاکستان ویمنز کی اننگز میں شوال ذوالفقار نےچھ چوکوں کی مدد سے33 رنز سکور کیے اور ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنانے والی منیبہ علی کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا۔

بعد میں آنے والی بیٹرز میں ایمان فاطمہ نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 23 ، کپتان فاطمہ ثنا نے ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے23 اور نتالیہ پرویز نے پانچ چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

آئرلینڈ کی جانب سے لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے بالترتیب27 اور 33 رنز دے کر دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

آئرلینڈ کی اننگز ابتدا ہی میں مشکلات کا شکار رہی اور35 رنز پر اس کی 3 وکٹیں گرگئیں۔ایمی ہنٹر6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئیں جبکہ آف سپنر رامین شمیم نے لگاتار گیندوں پر کپتان گیبی لوئس ( 21 ) اور لی پال ( صفر ) کو آؤٹ کردیا۔

اورلا پرینڈرگاسٹ اور لارا ڈیلینی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز کا اضافہ کیا۔

اورلا پرینڈر گاسٹ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی آٹھویں نصف سنچری سکور کی۔ وہ چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر رامین شمیم کی تیسری وکٹ بنیں۔

لارا ڈیلینی پانچ چوکوں کی مدد سے 42 رنز بناکر فاطمہ ثنا کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔انہوں نے ریبیکا سٹوکل کے ساتھ پانچویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کا اضافہ کیا۔

ایوا کیننگ کو4 رنز پر سعدیہ اقبال نے آؤٹ کیا لیکن میچ کی آخری گیند پر جین میگائر نے سعدیہ اقبال کو چھکا مارکر اپنی ٹیم کو کامیابی دلادی۔ سٹوکل چار چوکوں کی مدد سے34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

پاکستان کی طرف سے رامین شمیم نے36 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!